حماس کے ترجمان خالد قدومی کی سینیٹ اجلاس میں شرکت
اسلام آباد: حماس کے ترجمان خالد قدومی نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کی اور ایوان کی کارروائی دیکھی۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا، جس میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم حماس کے ترجمان کو ایوان بالا میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہماری فلسطین کے ساتھ قدیم تاریخ رہی ہے۔ میں طوفان الاقصیٰ آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
سینیٹر مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ اسرائیل علاقے میں اثر و رسوخ اور قبضہ چاہتا ہے۔ سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کے خلاف اسرائیل نے اپنا منصوبہ لانچ کیا جو زمیں بوس ہوگیا۔ پاکستان مکمل طور پر فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔ امریکا نے جب عراق پر حملہ کیا تو ان کا منصوبہ تھا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب پر نظر رکھ سکے گا ، لیکن امریکا ناکام ہوا، اور یہ سب کے سامنے ہے۔ میں فلسطین کو بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت ،عوام اور پاک فوج فلسطین کی آزادی تک ساتھ ہیں۔