حکومت کو اسپیکر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کا پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم

2583068-mushtaqahmedghani-1703663065-747-640x480.jpg

پشاور: عدالت نے حکومت کو اسپیکر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کا پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔پاسپورٹ تجدید کے لیے اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس کامران حیات میانخیل نے کی، جس میں عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ اور پاسپورٹ آفس کو درخواست گزار کو پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔وکیل علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ نے عدالت میں سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار اسپیکر صوبائی اسمبلی ہے، پاسپورٹ کے لیے اپلائی کیا ہے، لیکن ان کو پاسپورٹ جاری نہیں کیا جارہا۔ ہم نے ارجنٹ پاسپورٹ فیس بھی جمع کروائی ہے، اس کے باوجود پاسپورٹ جاری نہیں کیا جارہا۔عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں پر ہے؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار لندن میں ہے، ان کا نام ای سی ایل پر ہے اور پاسپورٹ ایکسپائر ہوا ہے۔ پاسپورٹ جاری کیا جائے تو درخواست گزار واپس آئے گا۔ وکیل نے استدعا کی کہ درخواست گزار کو عبوری ضمانت دی جائے کہ ان کو واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے۔دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار پہلے ہی 27 دسمبر تک عبوری ضمانت پر ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار عدالت میں موجود نہیں ہے، جب وہ واپس آ جائیں تو تب آ جائیں۔ عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ اور پاسپورٹ آفس کو درخواست گزار کو پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے