کرسمس پر حضرت عیسیٰ ؑ کی جائے پیدائش بیت اللحم میں سوگ

1303041_880428_3b_updates.jpg

دنیا بھر کے مسیحی آج حضرت عیسیٰ ؑ کا یوم پیدائش منا رہے ہیں لیکن فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع حضرت عیسیٰ ؑ کی جائے پیدائش بیت اللحم کی فضا سوگوار ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بیت اللحم کی انتظامیہ نے غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کے پیشِ نظر کرسمس کی تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیت اللحم کو ہر سال کرسمس کے موقع پر بہت خوبصورتی سے کرسمس ٹری اور لائٹس لگا کر سجایا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیت اللحم میں کرسمس کے موقع پر مسیحی زائرین کا ہجوم ہوتا ہے جو یہاں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس مذہبی تہوار کو مناتے ہیں اور شہر میں ایک جشن کا سماں ہوتا ہے لیکن رواں سال یہاں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں کرسمس کے موقع پر صرف دعائیہ تقاریب ہوئیں اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بیت اللحم کے مرکزی چوک پر ایک خصوصی آرٹ ورک کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر فلسطینی وزیر برائے سیاحت کا کہنا تھا کہ سوائے بیت اللحم کے پوری دنیا کرسمس منارہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے اس بار سادگی سے کرسمس منا کر دنیا کو پیغام دیا ہے کہ فلسطینی عوام مشکل میں ہیں، بیت اللحم مشکل میں ہے یہاں لوگ ملبے پر کرسمس منا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار 424 جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 54 ہزار 36 ہوگئی ہے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے