ٹی20 ورلڈکپ؛ پہلے میچ سے 178سال پرانی یاد تازہ ہوگی
لاہور: ٹی20 ورلڈکپ کا افتتاحی میچ 178 سال پرانی یاد تازہ کرے گا، 1844 میں تاریخ کا اولین انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی امریکا اور کینیڈا کی ٹیمیں مقابل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، شیڈول کا اعلان رواں ہفتے ہی متوقع ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حیران کن طور پر افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ، بھارت اور آسٹریلیا سمیت فیورٹس میں شامل کوئی ٹیم ایکشن میں نہیں ہوگی۔
پہلا میچ امریکا اور کینیڈا کے مابین ہوگا، اس انوکھے فیصلے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا اولین مقابلہ بھی انھیں دونوں ٹیموں کے مابین 1844 میں مین ہیٹن میں ہوا تھا، اس 3 روزہ میچ میں کینیڈا نے 23 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، پہلا ٹیسٹ میچ اس کے 33 سال بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا نے کھیلا گیا تھا۔