نگراں وزیراعلیٰ کے پی سے چیئرمین نیب کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں میں نیب حکام کی شمولیت پراتفاق
پشاور: نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے چئیرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل(ر) نذیر احمد بٹ نے ملاقات کی جس میں سرکاری محکموں کے امور خصوصاً ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ اور چئیرمین نیب کی ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں کے تمام مراحل میں نیب کے اعلیٰ حکام کو شریک عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ ان منصوبوں میں کسی بھی ممکنہ بدعنوانی کو ابتدا ہی سے روکا جاسکے۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس میں بھی نیب کا نمائندہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دوران ملاقات نگراں وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے تمام مراحل میں نیب کی شمولیت سے شفافیت یقینی ہوگی،اور اس کے نتیجے میں ترقیاتی عمل میں تاخیر سے بھی بچا جاسکے گا اور سرکاری حکام کو اعتماد بھی ملے گا۔وزیراعلیٰ سید ارشد حسین شاہ نے مزید کہا کہ نیب میں اصلاحات کا عمل خوش آئند ہے اس سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف نگراں صوبائی حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل(ر) نذیر احمد بٹ نےبدعنوانی کے خاتمے اور سرکاری امور میں شفافیت کے لیے وزیر اعلی کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی اور لوگوں کی بھلائی کے لیے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے نیب صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔نگراں وزیراعلیٰ اور چیئرمین نیب کی ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا وقار احمد چوہان بھی موجود تھے۔