ملکی تاریخ میں پہلی بار مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ
اسموگ کے خاتمے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش برسادی گئی، نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور میں آج پہلی مصنوعی بارش کی گئی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب رہا، نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے مبارک باد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج صبح لاہور آلودہ ترین شہر تھا، ملک کی تاریخ میں آج پہلی بار مصنوعی بارش کی گئی۔نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مصنوعی بارش کے لیے ہم نے کوئی خصوصی خرچہ نہیں کیا، اسموگ کے خاتمے کے لیے اگر خرچہ کرنا بھی پڑتا تو میں دریغ نہ کرتا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں اکثر مقامات پر بارش ہو گئی ہے، لاہور کے تقریباً 10 علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی، 10 سے 15 کلو میٹر کے علاقے میں اس بارش کو پلان کیا گیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ مصنوعی بارش میں یو اے ای نے سپورٹ کیا، یو اے ای کی ٹیم یہاں موجود تھی، وفاقی حکومت مصنوعی بارش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی، مصنوعی بارش کا تجربہ ہمارے لیے بہت ضروری تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسموگ ٹاورز بھی جلد انسٹال ہو جائیں گے، مصنوعی بارش کا تجربہ نیا ہے اس کے اثرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم نے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم دونوں چیزوں کو مدِ نظر رکھا، ہمیں مصنوعی بارش کے بعد کے نتائج کا انتظار ہے، آج رات تک مصنوعی بارش کے نتائج آ جائیں گے۔محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کا پہلا مشن کچھ دیر پہلے کیا گیا، شاہدرہ اور مریدکے کی طرف بادل برسائے گئے، مصنوعی بارش کے لیے ہمارا ایک روپیہ بھی نہیں لگا، 10، 12 دن سے بادل نہیں تھے، آج بھی لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا، یو اے ای حکومت کی وجہ سے ہم مصنوعی بارش کر سکے، یو اے ای حکومت کی جانب سے بارش بطور تحفہ برسائی گئی۔