آئین میں بغاوت کا آرٹیکل 124اے ختم کرنے کا بل منظور
اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے آئین کا آرٹیکل 124اے ختم کرنے کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سینیٹر میاں رضا ربانی کی جانب سے بل متعارف کرایا گیا۔
اجلاس میں کرمنل لاء ترمیمی بل 2023 متفقہ طور پر منظور کیا گیا جسے فوزیہ ارشد کی جانب سے متعارف کیا گیا تھا۔
سینیٹر میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ یہ بل سیکریٹریٹ میں کہیں گم گیا تھا، بل کا مقصد نو آبادیاتی طرز حکومت میں تبدیلی ہے اور آئین میں آرٹیکل 124اے کی کوئی ضرورت نہیں رہی کیونکہ یہ آرٹیکل نو آبادیاتی دور کا ہے، بغاوت کا کوئی تصور موجود نہیں، لاہور ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے اسے معطل کیا ہے۔
وزارت قانون و انصاف نے کہا کہ حکومت نے اس فیصلے کے خلاف اپیل فائل کی ہے، اپیل کا فیصلہ آنے تک بل مؤخر کیا جائے۔ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمانی کارروائی کو عدالتی کارروائی کی وجہ سے نہیں روکا جا سکتا