غزہ میں مزید 10 اسرائیلی فوجی ہلاک؛ 2 یرغمالی فوجیوں کی لاشیں بھی برآمد
تل ابیب: غزہ میں حماس کے خلاف زمینی کارروائیوں کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں مزید 10 اسرائیلی فوجی مارے گئے، ان کے علاوہ 2 مغوی فوجیوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں برّی فوج کے ایک آپریشن میں حماس سے جھڑپ میں دو فوجی مارے گئے جب کہ 7 اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے دو فوجیوں کی لاشیں ملی بھی ہیں۔
جن یرغمالی فوجیوں کی لاشیں ملی ہیں ان میں سے ایک کی شناخت زیو داود کے نام سے ہوئی ہے جن کے بارے میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ حماس کے حملے میں 7 اکتوبر کو مارے گئے تھے۔
دوسری لاش ایک خاتون کی تھی جن کی شناخت ایڈن زکریا کے نام سے ہوئی جنھیں حماس نے 7 اکتوبر کو ہی اسرائیل پر حملے کے دوران یرغمال بنایا تھا۔
اس آپریشن میں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں سے غزہ میں ایک روز میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 10 ہوگئی جن میں لیفٹیننٹ کرنل، میجر اور کیپٹن بھی شامل ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ میں 20 فوجی اپنے ہی ساتھی اہلکاروں کی فائرنگ میں ہلاک ہوگئے، اسرائیل
اس طرح دو یرغمالی فوجیوں کی لاشیں ملنے سے یہ تعداد 12 ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ غزہ کے اندر زمینی کارروائیوں کے دوران حماس سے ہونے والی جھڑپوں میں 105 فوجی مارے گئے جن میں سے 20 فوجی فرینڈلی فائرنگ کا نشانہ بنے۔