انتخابات 8 فروری کو ہونگے، شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے، مرتضیٰ سولنگی

n01101228-b.jpg

نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ آٹھ فروری کو پورے ملک میں عام انتخابات ہونگے۔ اس حوالے سے کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ نگرام حکومت آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ 8 فروری 2024ء کو پورے ملک میں انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی یا سکیورٹی ضروریات پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وفاقی حکومت چاروں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس فریضے کو سرانجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ جس حالت میں ملک ملا ہے، اس سے بہتر حالت میں اگلی منتخب حکومت کے حوالے کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 66 ہزار کی حد عبور کر چکا ہے۔ ڈالر کی قدر میں بھی کمی ہوئی ہے۔کچھ لوگ افواہیں پھیلا رہے تھے کہ آئی ایم ایف کے اگلے بورڈ میں پاکستان کا کیس نہیں ہے۔ بلومبرگ کی آج کی خبر ہے کہ 11 جنوری کو پاکستان آئی ایم ایف بورڈ کے ایجنڈے پر ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے دورہ کے دوران پی ٹی وی بولان کی ٹیرسٹیریل براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ ملک کے جغرافیائی رقبہ کا 43 فیصد رقبہ بلوچستان میں ہے۔ پی ٹی وی بولان کی نشریات کو انٹینا کے ذریعے ممکن بنانے پر کوشش کریں گے۔ بلوچستان تاریخی اعتبار سے ایک متنوع صوبہ ہے۔ پی ٹی وی بولان کی نشریات کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ 17 دسمبر سے انشاءاللہ پی ٹی وی بولان پر ہزارگی زبان میں بھی نشریات شروع کریں گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ پی ٹی وی بولان کی تکنیکی اور ہیومن ریسورس ضروریات کو پورا کریں۔ نگران حکومت کے اختیارات اور مدت محدود ہے۔ کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے جو بھی ممکن ہوگا، اقدامات اٹھائیں گے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے