اقوام متحدہ کمیشن بنا کر اسرائیلی بربریت کی تحقیقات کروائے، طاہر اشرفی
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطین میں مکمل جنگ بند ہونی چاہیئے، اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کمیشن بنا کر ظلم و دہشت کی تحقیقات کرائی جائیں۔ لاہور کے جامعہ منظور الاسلامیہ کینٹ میں یکجہتی فلسطین سیمینار کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ سات اکتوبر سے لیکر آج تک پاکستان نے ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کی بات کی ہے، پاکستان کی فوج کے سپہ سالار سید عاصم منیر اسلامی ممالک کیساتھ رابطے میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ فلسطین میں مکمل جنگ بندی ہو، کشمیر اور فلسطین میں جو ہو رہا ہے اس پر سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یورپ سمیت پوری دنیا میں اسرائیلی وحشت کیخلاف احتجاج ہو رہے ہیں، آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ان کی منزل ہے، آج فلسطین میں مضبوط فوج ہوتی تو ایسے حالات نہ ہوتے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کا اصولی موقف ہے کہ ہم اہل فلسطین کیساتھ ہیں، پاکستان کے اندر ایک بار پھر دہشت گردی لہر لانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، ایک سال کے دوران فوج اور عوام میں تقسیم کی سازشوں کو ناکام بنایا گیا، نو مئی کو پاک فوج کیخلاف مہم کی تصویر نظر آئی تاہم اداروں نے اسے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کیساتھ معاہدے ہو رہے ہیں، معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے۔