چودھری شجاعت کا چودھری سرور کو ٹیلی فون، سیاسی فیصلوں سے روک دیا
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین اور چودھری سرور کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری سرور کے درمیان سیاسی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چودھری شجاعت حسین نے چودھری سرور کو اس وقت کوئی بھی سیاسی فیصلہ کرنے سے روک دیا۔ جس پر چودھری سرور نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی فیصلہ آپ کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا۔ چودھری سرور نے کہا کہ جلد پاکستان آکر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کروں گا۔ یاد رہے کہ چودھری سرور نے ق لیگ چھوڑ کر پہلے نون لیگ میں شمولیت کیلئے نواز شریف سے رابطہ کیا، نواز شریف کی جانب سے جواب ملنے پر چودھری سرور تحریک انصاف سے رابطے میں ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ آپ کے شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔ چودھری سرور کیلئے برطانوی ہائی کمشنر بھی فعال ہیں اور ان کیلئے زمینہ سازی کی جا رہی ہے، تاہم تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال عمران خان نے اس موضوع پر بات کرنے سے انکار کر دیا ہے، مستقبل میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ مکمل طور پر کوشاں ہے کہ چودھری سرور کو پاکستانی سیاست میں دوبارہ اہم کردار دلوائے۔