اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس پہلی بار 60 ہزار کی حد عبور کر گیا

پاکستان-اسٹاک-ایکسچینچ.jpg

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی انڈیکس بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔ منگل کے روز بھی کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 822 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 60633 پر پہنچ گیا۔
پیر کے دن کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت دن رہا اور 100 انڈیکس 724 پوائنٹس اضافے سے 59 ہزار 811 پر بند ہوا جو انڈیکس کا 27 نومبر 2023 تک بلند ترین اختتام تھا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریبا 9 بج کر 49 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 649 یا 1.09 فیصد اضافے کے بعد 60 ہزار 460 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 59 ہزار 811 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
میٹس گلوبل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ اضافے کی وجوہات آئی ایم ایف پروگرام کے تحت دوسری قسط وصول ہونے کی توقعات، شرح سود میں کمی اور بہتر سیاسی صورتحال جیسی مثبت خبریں ہیں۔
خیال رہے کہ 24 نومبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 59 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے بعد 187 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا۔
22 نومبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 827 پوائنٹس اضافے کے بعد 58 ہزار کی بلند ترین سطح عبور کر گیا تھا۔
اسی طرح 16 نومبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 418 پوائنٹس اضافے کے بعد 57 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے قبل 13 نومبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1132 پوائنٹس اضافے کے بعد 56 ہزار کی نئی بلند ترین سطح عبور کرگیا تھا، اس سے قبل 10 نومبر کو 55 ہزار، 8 نومبر کو 54 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
3 نومبر کو صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہونے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے