اسرائیل حماس جنگ بندی کا پانچواں روز، مزید قیدیوں کو رہا کیا جائیگا
غزہ: دو روزہ توسیع کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا آج پانچواں روز ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق جنگ بندی کے پانچویں روز مزید قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ حماس نے آج رہا کیے جانے والے 10 اسرائیلی قیدیوں کی فہرست اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کو بجھوا دی ہے۔
اسرائیل اور حماس میں 4 روزہ عارضی جنگ بندی معاہدے کے دوران حماس نے 69 اسرائیلی قیدیوں جبکہ اسرائیل نے 150 فلسطینیوں کو رہا کیا۔ قطر اور مصر کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے میں مزید 2 روز کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل کی قابض فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رملہ میں جیل کے باہر اپنے پیاروں کی رہائی کے منتظر سیکڑوں فلسطینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔اسرائیلی فورسز کے تشدد سے متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
غزہ پر 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہدا میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔